ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: اُترکنڑا کی ایمبولنس کو شیرورٹول ناکہ پر تنگ و ہراساں کرنے کی شکایت؛ ڈرائیوروں نے ٹول گیٹ مینجر کو لیا آڑے ہاتھ

بھٹکل: اُترکنڑا کی ایمبولنس کو شیرورٹول ناکہ پر تنگ و ہراساں کرنے کی شکایت؛ ڈرائیوروں نے ٹول گیٹ مینجر کو لیا آڑے ہاتھ

Fri, 25 Sep 2020 23:22:54    S.O. News Service

بھٹکل 25 ستمبر (ایس او نیوز) شیرور ٹول گیٹ پر بھٹکل سمیت اُترکنڑا سے  اُڈپی اور مینگلور کی طرف جانے والی ایمبولنسوں کو تنگ و ہراساں کئے جانے کی شکایت پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے آج  جمعہ صبح بھٹکل کے ایمبولنس ڈرائیوروں نے شیرور ٹول  ناکہ پہنچ کر ٹول گیٹ کے مینجر کو آڑے ہاتھ لیا اور متنبہ کیا کہ آئندہ  اُن کے اہلکاروں کی طرف سے  کسی ایمبولینس کو جانے میں رُکاوٹ پیدا کی گئی تو پھر سخت احتجاج کیا جائے گا۔

ایمبولنس ڈرائیوروں نے بتایا کہ ٹول گیٹ کے اہلکار  اکثر ایمبولنس پر مریضوں کو لے جانے کے دوران  ڈرائیوروں سے اُلجھتے ہیں،  جبکہ مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمٹ کرنے کے بعد واپسی پر بھی  انہیں تنگ وہراساں کیا جاتا ہے، اسی طرح ایمبولنس کو  ٹول گیٹ سے گذرنے کا جو راستہ دیا گیا ہے وہاں پر ہمپ لگایا گیا ہے جس کی وجہ سے  نازک حالت کے مریضوں  کو لے جانے کے دوران سخت تکلیف پہنچتی ہے، ڈرائیوروں نے مطالبہ کیا کہ ہمپ کو نکالا جائے۔

ٹول گیٹ کے مینجر میور جادو نے اس موقع پر ڈرائیوروں کی شکایات سننے کے بعد اہلکاروں کی طرف سے   ایمبولنس ڈرائیوروں سے اُلجھنے پر معذرت چاہی اور کہا کہ آئندہ اس طرح کی شکایت کا موقع نہیں دیاجائے گا، اسی طرح انہوں نے یقین دلایا کہ  ٹول ناکہ پر ایمبولنس جانے والے راستے پر سے فوری طور پر ہمپ کو نکال دیں گے اور ایمبولنس کو گذرنے میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ پیدا ہونے نہیں دیں گے۔

اس موقع پر بھٹکل رابطہ سوسائٹی کے ایمبولنس ڈرائیور آمان اللہ،  الحاج مُنیری ایمبولنس ڈرائیور  مشتاق، اے بی ایم ایمبولنس ڈرائیور اشفاق اور شبیر، ویلفیر اسپتال ایمبولنس ڈرائیور شفیع، لائف کیئر ایمبولنس ڈرائیور ونائک نائک،  رکشھک ایمبولنس ڈرائیور ناگ بھوشن وغیرہ موجود تھے۔


Share: